دبئی12اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد نے باور کرایا ہے کہ اْن کا ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ جمعرات کی شب تاخیر سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، اس لیے کہ درحقیقت یہ شرف، عزّت، استحکام اور امید کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب کہ قطر نواز میڈیا سعودی صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے افواہوں کا بازار گرم کرنے میں مصروف ہے۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ اور انور قرقاش نے خبردار کیا تھا کہ سعودی عرب کو سیاسی طور پر ہدف بنانے کے سنگین مضمرات ہوں گے۔ انور قرقاش نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ "اس صورت حال کے انسانی پہلو کی حقیقت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے البتہ سعودی عرب کو سیاسی طور پر ہدف بنانے اور اس کی شہ دینے والوں کے لیے سنگین مضمرات ہوں گے۔ اماراتی وزیر مملکت کے مطابق یہ ملحوظ رہے کہ سعودی عرب کی کامیابی خطے اور اس کے عوام کے لیے پہلا انتخاب ہے۔